اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سعودی ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں عازمین حج کیلئے کام کرنے والی کمپنیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ حاجیوں کی واپسی میں تاخیر سے متعلق معلومات کسی طور نہ چھپائی جائیں۔ سعودی حکومت کسی طور عازمین حج کو اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ اپنے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی سعودی عرب میں قیام پذیر رہیں۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی امیگریشن کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد واپسی میں تاخیر کی صورت میں ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی امیگریشن کی جانب سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب سعودی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث منٰی میں ہزاروں حاجی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، اور سینکڑوں تاحال لاپتہ ہیں۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج اپنے پیاروں کو ہسپتال، اور مردہ خانوں میں مسلسل تلاش کررہے ہیں، جبکہ ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہ ہی سعودی حکومت کے پاس موجود ہے اور نہ ہی ان کے اپنے ملکی حج مشن کے ذمہ داران کے پاس۔ لامحالہ ایسی صورت میں حجاج کی واپسی میں تاخیر ممکن ہے، تاہم سعودی حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کا اعلان، دنیا بھر کے لاکھوں حجاج اور کروڑوں مسلمانوں کے زخمی دلوں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169