12 ستمبر 2015 - 19:26
مصر کے وزیر اعظم کابینہ سمیت مستعفی

قاہرہ : مصر کے وزیراعظم ابراہیم محلب اور ان کی کابینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مصر کے وزیر اعظم نے اپنی کابینہ سمیت استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کے استعفے منظور کر لیے ہیں اور وزیرتیل شریف اسماعیل کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ مصری ایوان صدر کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ”صدر نے وزیراعظم (ابراہیم محلب) کی جانب سے پیش کردہ حکومت کے استعفے کو منظور کر لیا ہے”۔بیان میں کابینہ کے مستعفی ہونے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔ صدر السیسی نے مستعفی کابینہ کو نئی حکومت کی تشکیل تک کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے وزیر تیل شریف اسماعیل کو نئی کابینہ بنانے کی دعوت دی ہے۔مصری کابینہ کے مستعفی ہونے کے اعلان سے صرف ایک ہفتے قبل حکام نے وزیرزراعت کو بدعنوانیوں کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔ صدر عبدالفتاح السیسی نے گذشتہ سال ابراہیم محلب کو وزیراعظم مقرر کیا تھا۔ اس سے پہلے وہ مکانات اور تعمیرات کے وزیر رہے تھے۔ وہ خطے کی بڑی تعمیراتی کمپنیوں میں سے ایک ”عرب کنٹریکٹرز” کے چئیرمین بھی رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ مصر میں آیندہ ماہ نئے پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔
.......

/169