29 اگست 2015 - 18:50
تہران میں ایشیائی میئرز کا اجلاس، تہران کے میئر کا خطاب

تہران کے میئر نے کہا ہے کہ شہروں کی طاقت، دولت، روحانیت اور عزت، عوام کے ادراک اور ان کے تعاون کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے جو مستقبل کے اہم شہروں کی بنیاد ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کے میئر محمد باقر قالی باف نے ایشیائی ممالک کے مختلف شہروں کے میئروں کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی، انصاف اور روحانیت کا خواب اس وقت شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے کہ جب عوام کو اپنے آپ، اپنے گھرانے، شہر اور معاشروں کے قوانین اور اس سلسلے میں اہم ذمہ داریوں کی شناخت اور پہچان ہو۔ محمد باقر قالی باف نے علاقے کی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ میں اسلام کے نام پر افسوسناک واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے جاہلانہ تعصب، نسل پرستانہ افکار، تسلط پسندی اور ان سب سے بڑھ کر دشمنوں کی پیچیدہ سازشوں کو اس موجودہ صورتحال کا اصل سبب قرار دیا۔ تہران کے میئر نے کہا کہ اسلام اور اسلامی ممالک کے شہروں کی تاریخی ورثے کو دہشت گردانہ اقدامات کی جانب سے شدید خطرہ لاحق ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ تمام ممالک کے مابین تعاون اور دو طرفہ اقدامات کا سلسلہ بڑھایا جائے۔ محمد باقر قالی باف نے کہا کہ تہران کے مستقبل کی منصوبہ بندی ایک بین الاقوامی شہر کے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عالمی سطح پر پیش آنے والی تبدیلیوں میں تہران کا مرکزی کردار ہو گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کے میئر نے کہا کہ مستقبل میں تہران، سفارتکاری، سیاسی، ثقافتی اور سماجی لحاظ سے تعاون، گفتگو، تعلیم اور مقامی اور بین الاقوامی فیصلوں کا مرکز ثابت ہو گا۔

.......

/169