اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ دیگر ممالک میں عراق کے سات سفیروں کی برطرفی اور متعدد ڈائریکٹروں کو قبل از وقت ریٹائر کرنا اس وزارت خانے کا ایک ضروری اقدام تھا۔ قابل ذکر ہے کہ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے عوامی درخواستوں اور مراجع کرام کی ہدایات کے پیش نظر اصلاحاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں پہلے اقدام کے طور پر نائب صدر اور نائب وزیر اعظم کے عہدوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ عصائب اہل الحق نام کی عراقی تنظیم کے ایک سینیئر رکن مہدی الحسینی نے وزیر اعظم کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام، نہ صرف مالی بدعنوانی کے خلاف ایک ٹھوس قدم ہے بلکہ اس سے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کو مضبوط بنانے میں مدد بھی ملے گی۔ صدر تحریک کے سربراہ مقتدی الصدر نے بھی حیدر العبادی کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے سے عراقی عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں مالی بدعنوانیوں کی روک تھام کے لئے ایک خصوصی کمیٹی کا انعقاد بھی عراقی وزیر اعظم کے اس منصوبے میں شامل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲