اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سیکورٹی ذرائع نے شمالی عراق میں واقع صوبہ صلاح الدین کے نزدیک بیجی شہر میں داعش گروہ کے محاصرہ کئے جانے کا اعلان کیا ہے- عراقی سیکورٹی ذرائع نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف جدو جہد میں عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کی حالیہ کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجی شہر اس وقت پوری طرح سے عراقی فوج کے محاصرے میں ہے- ان ذرائع کا کہنا ہے کہ اب جلد ہی اس شہر کو آزاد کرالیا جائے گا- ادھر بغداد کی آپریشنل کمان نے ایک بیان میں داعش گروہ کے ستائیس دہشت گردوں کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے مغربی صوبے الانبار کے علاقے الکرامہ کی مکمل آزادی کے لئے سیکورٹی فورس کی پیش قدمی کی خبر دی ہے- دوسری طرف موصل شہر میں داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے درمیان ہونے والی لڑائی میں کم سے کم پندرہ داعش دہشت گرد ہلاک اور تیس زخمی ہوئے ہیں- دریں اثنا شیعہ اور سنی علمائے دین کے جہاد کے فتوے کے بعد عوامی رضاکاروں کا تعاون ملنے کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ کے دوران عراقی فوج کو دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔
/169