12 جون 2015 - 16:18
ایٹمی مذاکراتی ٹیم ایران کے اصولی مواقف کی محافظ ہے: ایرانی وزیر انٹیلی جنس

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم ریڈ لائنز کو ہر گز عبور نہیں کرے گی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمود علوی نے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے ارکان رہبر انقلاب اسلامی کے مقلد اور پیرو ہیں- انھوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کو فصل الخطاب قرار دیتے ہوئے ریڈ لائنز کو ہرگز عبور نہیں کرے گی-
حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمود علوی نے جمعے کے دن ایران کے صوبۂ خراسان رضوی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم پوری ہوشیاری اور دلیری کے ساتھ پرامن ایٹمی توانائی سے متعلق ایران کے مسلّمہ حق کا دفاع کر رہی ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے کہا کہ داعش تکفیری دہشت گرد گروہ کو وجود میں لانے میں برطانیہ، صیہونی حکومت اور سعودی عرب کی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ رہا ہے- حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمود علوی نے مزید کہا کہ عالمی سامراج پراکسی وار کے ذریعے خطے اور اسلامی ممالک کو دو بلاکوں میں تقسیم کرنے کے درپے ہے- انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش نے ایران کے سرحدی علاقوں میں بدامنی پھیلانے کی بہت کوشش کی لیکن ایران کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا-

۔۔۔۔۔۔۔

/169