20 مئی 2015 - 15:21
ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم نے استقامت کا مظاہرہ کیا: مرضیہ افخم

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم نے یقینی طور پر تمام تر توسیع پسندیوں کے مقابل استقامت کا مظاہرہ کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مرضیہ افخم نے تہران میں ملکی اور غیرملکی نامہ نگاروں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ ایٹمی مذاکرات کے سلسلے میں موقف کے بارے میں معیار، ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کا بیان ہونا چاہیے- انھوں نے امریکہ کی جانب سے ٹال مٹول سے کام لینے کی پالیسی کے سلسلے میں کہا کہ امریکیوں کی مذاکراتی روش ہماری مذاکراتی ٹیم کے لیے مکمل طور پر واضح اور روشن ہے اور ہماری ٹیم نے یقینی طور پر تمام تر توسیع پسندیوں کے مقابل استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم منطق پر بھروسہ کرتے ہوئے مذاکرات کر رہے ہیں- ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بعض امریکی حکام کی دھمکیوں بارے میں کہا کہ ایران ایک طاقتور اور مضبوط ملک ہے جو منطق و عقلانیت کا حامل ہے اور اسے بھرپور عوامی حمایت حاصل ہے اور وہ تمام میدانوں میں کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی طاقت کا مظاہرہ کر سکتا ہے اور اس نے اب تک ان دھمکیوں کا پوری قوت سے، مناسب اور ٹھوس جواب دیا ہے- مرضیہ افخم نے یمن کے انقلابیوں کی جانب سے ایران سے یمن کے سیاسی بحران کے بارے میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی درخواست کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان ممالک میں شامل ہے کہ جنہوں نے فوجی حملوں پر سب سے پہلے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی مذمت کی اور یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات اور سیاسی راہ حل پر زور دیا- انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا بدستور یہ کہنا ہے کہ مذاکرات یمنی گروہوں کے درمیان انجام پانے چاہیئں اور ان میں غیرملکی مداخلت نہیں ہونی چاہیے تاکہ ایک وسیع البنیاد حکومت تشکیل پا سکے- اسلامی جمہوریہ ایران ایسے اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے کسی بھی قسم کی مدد کرنے سے دریغ نہیں کرے گا- ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے نجات بحری جہاز کے خلاف کارروائی کی سعودی عرب کی دھمکی کے بارے میں کہا کہ ہم علاقے اور یمن کے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم امکانات پر بات نہیں کرتے ہیں- انھوں نے کہا کہ ایران کا بحری جہاز نجات یمن کے لیے انسان دوستانہ امداد لے جا رہا ہے اور ہمارا اس سلسلے میں اقوام متحدہ، عالمی ادارہ صحت، ریڈ کراس کمیٹی اور دیگر تمام متعلقہ اداروں سے براہ راست رابطہ ہے- ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امید ظاہر کی کہ ایران کی امداد جلد از جلد یمن کے عوام تک پہنچ جائے گی- انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کی مانند دیگر ملکوں کی بھی انسان دوستانہ امداد یمن پہنچنا شروع ہوجائے گی-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲