10 مئی 2015 - 11:36
یمن پر جاری بمباری کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے فوجی امور کے اعلی مشیر اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق سربراہ جنرل صفوی نےاصفہان میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کےفوجی امور کے اعلی مشیر اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق سربراہ جنرل صفوی نےاصفہان میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے اور سعودی عرب امریکی نیابت میں یہ جنگ لڑ رہا ہے جبکہ امریکہ اس کی پشتپناہی کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ مسلم ممالک میں عدم استحکام پیدا کرکے اسرائيل کو تحفظ فراہم کرنا چاہتا ہے انھوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے دہشت گرد گروہوں کی تشکیل اور عراق اور شام میں دہشت گردوں کی پشتپناہی کا مقصد اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ جنرل صفوی نے کہا کہ یمن میں سعودی عرب کی بمباری امریکی نیابت میں ہورہی ہے اور یمن کی جنگ سے سعودی عرب کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں بلکہ امریکہ نے عالم اسلام کے سامنے سعودی عرب کا پول کھول دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس جنگ سے سعودی عرب کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے جسے امریکہ سمجھتا ہے لیکن  دولت اور ثروت کے نشے میں مست  سعودی حکام نہیں سجھ پارہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ ترکی اور اردن میں 20 ہزار افراد کو ٹریننگ دے رہا ہے جس کا مقصد اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونے سے روکنا ہے اور اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ امریکہ ایک طرف اسلام کو دہشت گردوں کے ذریعہ بدنام کررہا ہے اور دوسری طرف اپنے متحدین کے ذریعہ اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔ جنرل صفوی نے کہا کہ شام، عراق اور یمن کے حوادث سے صرف اسرائيل اور امریکہ کو فائدہ پہنچ رہا ہے کیونکہ ان حوادث کے پیچھے خود ان کا ہاتھ ہے امریکہ نے آج اسلامی ممالک میں اپنے فوجی اڈے قائم کرکے وہاں اپنا قبضہ جما رکھا ہے انھوں نے کہا کہ ایران کے علاوہ اکثر اسلامی ممالک میں امریکی فوجی اڈے قائم ہیں اور ان کا مقصد وہاں کی حکومتوں کی لگام اپنے ہاتھ میں رکھنا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲