3 مئی 2015 - 15:44
یمن میں سعودی فوج کے داخلے کی متضاد خبریں

مقامی ذرائع نے سعودی عرب اور اس کے اتحاد کی زمینی فوج کے یمن میں داخل ہونے کی خبر دی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے سعودی اتحاد کے فوجیوں کے یمن میں داخل ہونے کی خبر دی ہے- کہا جاتا ہے کہ یمن کے ایک عہدیدار نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت سعودی عرب کے اتحاد سے وابستہ زمینی فوج کے محدود تعداد میں فوجی عدن میں موجود ہیں- اس عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانس پریس کو بتایا کہ عرب اتحاد کے فوجیوں کی محدود تعداد عدن میں داخل ہوئی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ مزید فوجی عدن میں داخل ہوں گے- اس عہدیدار نے مزید کہا کہ یہ فوجی انصار اللہ کے افراد کے مقابلے میں عبدربہ منصور ہادی کے جنگجوؤں کی حمایت اور مدد کے لیے یمن میں داخل ہوئے ہیں- کہا جاتا ہے کہ ان میں سے اکثر فوجی سعودی اور مصری ہیں- الجزیرہ ٹی وی چینل نے بھی عدن ایئرپورٹ کے قریب سعودی عرب کی زمینی فوج کی موجودگی کی خبر دی ہے- ایسوسی ایٹڈ پریس نے بھی اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے اتحاد سے وابستہ بیس فوجی جاسوسی کی کارروائیوں کے لیے یمن میں داخل ہوئے ہیں- کہا جاتا ہے کہ یہ فوجی کئی جنگی بکتر بند گاڑیوں سمیت جدید ترین فوجی آلات اور سازوسامان کے ساتھ یمن میں داخل ہوئے ہیں- بعض خبری ذرائع کے مطابق یہ فوجی ایک بڑی فوج کا ہراول دستہ ہیں جنھیں موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے لیے اس علاقے میں بھیجا گیا ہے- اس بنا پر امکان ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران سعودی اتحاد یمن پر باقاعدہ زمینی حملہ شروع کر دے- البتہ سعودی عرب سے وابستہ میڈیا نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲