8 مئی 2025 - 16:21
ایل او سی پر بھارت کے 50 فوجی ہلاک کیے، رافیل اور بھارتی ڈرون گراکر نئی مثال قائم کی، عطا تارڑ

وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہم نے بھارت کے 40 سے 50 فوجی ہلاک کیے ہیں، یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا جواب آئے گا، ضرور آئے گا، جلد آئے گا۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ  نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی افواج کو موثر اور بھرپور جواب دینے کا مکمل اختیار دے چکی، اب یہ معاملہ آگے کہاں جاتا ہے اس کا فیصلہ ہم کریں گے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس رافیل طیارے گرانے کے بعد ہم نے بھارتی ڈرون گرا کر نئی مثال قائم کی۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستان اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز گرا چکا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، افواج پاکستان دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی فوج نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمدپور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں 2 بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے تھے۔

بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha