25 دسمبر 2024 - 13:48
پارا چنار: علاج نہ ملنے کے باعث 100 سے زائد بچے دم توڑ گئے

ضلع کرم پارا چنار میں مرکزی شاہراہ کی طویل بندش کے باعث شہریوں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، گھروں میں محصور شہری خوراک اور علاج سے بھی محروم ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین کے مطابق علاج نہ ملنے کے باعث 100 سے زائد بچے دم توڑ گئے جب کہ اتنی ہی تعداد میں کینسر اور دیگر امراض میں مبتلا افراد جاں بحق ہو چکے۔

دوسری جانب راستوں کی بندش کے خلاف چھٹے روز بھی پریس کلب کے باہر دھرنا جاری ہے، شدید سردی کے باوجود شہریوں کی کثیر تعداد دھرنے میں شریک ہے۔

 

ڈپٹی کمشنرکے مطابق مذاکراتی عمل کے لیے گرینڈ جرگہ آج کرم پہنچ گیا، قیام امن اور عوام کی مشکلات کےحل کے لیے دوبارہ بات چیت کا آغاز ہوگا۔

دوسری جانب لاہور پریس کلب کے باہر پارا چنار میں دہشت گردی اور راستے بند ہونے پر آئی ایس او اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دھرنا جاری ہے۔

اور کراچی نمائش چورنگی پر بھی مجلس وحدت مسلمین کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہیں مانے جاتے تو دھرنے کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔