14 دسمبر 2024 - 08:45
حماس کی عرب دنیا کے وزرائے صحت سے غزہ کےنظام صحت کو بچانے کی اپیل

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے عراق کی میزبانی میں ہونے والے عرب وزرائے صحت کے 61 ویں اجلاس کے نام اپنے ایک بیان میں غزہ کے نظام صحت کو بچانے کے لئے فوری فیصلے اور عملی اقدامات کی اپیل کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حماس نے اس بیان میں صہیونی ریاست پر مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالنے پر زور دیا ہے تاکہ غزہ میں تمام ضروری وسائل کے ساتھ فیلڈ اسپتالوں کے قیام کے لئے وسائل کی ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔

حماس نے عرب وزرائے صحت کے اجلاس پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی پوری توانائیاں صرف کریں، خاص طور پر زخمیوں اور جان لیوا امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج کی غرض سے بیرون ملک بھجوانے کا راستہ ہموار کریں۔

حماس نے عالمی ادارہ صحت اور دنیا بھر کے صحت اور انسانی  حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں اور تنظیموں کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی انسانی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے آگے آئيں کیونکہ غزہ میں نظام صحت کو بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گيا ہے کہ اسپتالوں اور صحت کے مراکز پر حملوں اور خوراک، ادویات اور ایندھن  کی عدم دستیابی نے خاص طور پر زخمیوں اور بیماروں کی اموات کے خطرے میں اضافہ کر دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110