17 نومبر 2024 - 11:07
پاکستان میں اسلحے کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش، ایران کی شرکت

ایران کا پویلین پہلی بار پاکستان کی اسلحے کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش کا حصہ بنےگا؛ جس کا مقصد دفاع، ایرو اسپیس، ڈیجیٹل وارفیئر اور مقامی صنعتوں سمیت ایران کی عسکری حصولیابیوں کی نمائش ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | ارنا کے نامہ نگار کے مطابق پاکستان میں ہتھیاروں کی 12ویں بین الاقوامی  کی نمائش "آئیڈیاز 2024 " 19 سے 22 نومبر تک سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں منعقد کی جارہی ہے۔

ہتھیاروں کی اس بین الاقوامی نمائش میں ایران کا پویلین پہلی بار اور ایک کشادہ اور ممتاز جگہ پر قائم کیا گیا ہے۔

نمائش کی افتتاحی تقریب منگل کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی موجودگی میں منعقد کی جائے گی۔

ایران کی مسلح افواج اور وزارت دفاع کی نمائندگی کرنے والا ایک وفد نمائش میں شرکت کرے گا۔

اس سال کی آئیڈیاز نمائش کا نعرہ "امن کے لیے ہتھیار" ہے، اور یہ نمائش ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن آف پاکستان (DEPO) کے زیر انتظام ہے جس میں دفاعی مصنوعات اور جنگی سازوسامان کے شعبے میں کئی نامور ممالک شرکت کریں گے۔

ڈیٹرنس پالیسی کے مطابق، ایران اپنی دفاعی صنعتی صلاحیتوں کا ایک حصہ پیش کرے گا، جس میں وزارت دفاع اور ایرانی نالج بیسڈ کمپنیاں شامل ہیں۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر جنرل علی عادل نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس بین الاقوامی نمائش میں 55 ممالک سے 300 سے زائد غیر ملکی وفود شرکت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق ہر 2 سال بعد منعقد ہونے والا یہ بین الاقوامی ایونٹ 2020 میں کووڈ 19 وبا کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کی پہلی بین الاقوامی اسلحہ نمائش 2000 میں منعقد ہوئی تھی۔

11ویں پاکستان بین الاقوامی ہتھیاروں کی نمائش (2022) نومبر میں کراچی میں منعقد ہوئی تھی جس میں ایرانی فوجی وفد سمیت 64 ممالک کے وفود شامل تھے۔

۔۔۔۔۔۔

110