28 اکتوبر 2024 - 15:59
عراق کا صہیونی دشمن کے ہاتھوں اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر باضابطہ احتجاج

عراقی حکومت نے اعلان کیا کہ اس نے صہیونی ریاست کی جانب سے عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو احتجاجی یادداشت بھیجی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق حکومت عراق نے باضابطہ طور پر صہیونی ریاست کی جانب سے اس ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر احتجاج کرتے ہوئے اس کو عراق کی قومی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔

عراقی حکومت کے ترجمان نے ایک اخباری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا: عراق نے باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو احتجاجی یادداشت بھیجی ہے جس میں اسرائیلی ریاست کے جنگی طیاروں کی جانب سے عراقی فضائی حدود اور قومی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی ہے۔

عراقی ترجمان کا کہنا تھا کہ عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے وزیر خارجہ کو مشن سونپا ہے کہ اسرائیلی ریاست کے اس اقدام کے سلسلے میں امریکی فریق سے رابطہ کریں اور دو طرفہ تزویراتی معاہدے کے ان آرٹیکلز کی یاددہانی کرا دیں جن کے تحت امریکہ عراق کی سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کا پابند ہے اور اسرائیلی اقدام عراق کی قومی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

عراقی ترجمان نے مزید کہا: عراقی حکومت کا موقف اپنی خودمختاری، ازدی اور ارضی سالمیت کے حوالے سے واضح ہے اور کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے کہ ہماری فضائی حدود کو دوسروں پر حملہ کرنے کے لئے استعمال کرے۔

ادھر امریکہ اور اسرائیل کے ہاتھوں عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر اس ملک کے مقاومتی حزب اللہ بریگیڈز نے کل (27 اکتوبر 2024ع‍ کی) رات کو اعلان کیا کہ اسرائیلی اور امریکی ریاستوں کو خطے میں، ایران پر حالیہ حملے، جیسے اقدامات کی قیمت چکانا پڑے گی۔

حزب اللہ عراق نے زور دے کر کہا: امریکیوں کو عراقی فضائی حدود استعمال کرنے میں اپنی بے احتیاطی کا خمیازہ مناسب وقت اور مناسب مقام پر بھگتنا پڑے گا۔ 

حزب اللہ عراق نے کہا ہے: امریکہ اور اسرائیلی ریاست نے ایران کے سامنے گستاخی کا ارتکاب کیا اور اگر وہ اس جارحیت کی بھاری قیمت ادا کرنے پر مجبور نہ ہوئے تو قطعی طور پر عراق کے خلاف گستاخی کی جرات بھی کر گذریں گے۔

۔۔۔۔۔

110