30 ستمبر 2024 - 10:50
سید المقاومہ سید حسن نصراللہ کی شہادت پر وفاقی جمہوریہ روس کے مفتی اعظم کا پیغام تعزیت

وفاقی جمہوریہ روس کے ادارہ امور مسلمین کے سربراہ اور مفتی اعظم نے اپنے پیغام میں حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل، سید المقاومہ جناب سید حسن نصراللہ کی شہادت کی تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـمطابق شیخ راویل عین الدین نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے: میں وفاقی جمہوریہ روس کے ادارہ امور مسلمین اور روسی وفاق کے علمائے اسلام کی جانب سے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی شہادت پر اس ملک کے مسلمانوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔

روس کے مفتی اعظم نے اس پیغام میں خداوند عالم سے شہید سید حسن نصراللہ کے لئے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔

شیخ عین الدین نے اپنے پیغام میں لکھا: ہم حالیہ ایام میں میں اسرائیلی جارحیت میں سینکڑوں لبنانیوں کی شہادت پر سوگوار ہیں۔

انھوں نے مزید لکھا ہے: خدائے مہربان ہمارے بھائیوں کو ـ جو اسرائیلی جارحیتوں کا شکار ہوئے ہیں ـ غریق رحمت کرے اور انہیں ابدی انعامات سے نوازے۔

واضح رہے کہ صہیونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے جمعہ 27 ستمبر کے دن امریکی پشت پناہی میں، نیویارک میں اقوام متحدہ کے مرکزی ہیڈکوارٹرز سے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ پر دہشت گردانہ حملے کی ہدایات جاری کردیں۔

صہیونیوں کے سرغنے کی ان ہدایات کی نتیجے میں غاصب ریاست کے جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی ضاحیہ کے محلے حارہ حریک پر شدید اور مسلسل بمباریاں کیں اور ہر حملے میں آٹھ سے 12 تک جنگی طیاروں نے شرکت کی اور ان طیاروں نے مذکورہ محلے کی چار عمارتوں کو امریکی ساختہ 2000 پاؤنڈ وزنی بموں سے نشانہ بنایا۔

حزب اللہ لبنان نے دوسرے روز (ہفتہ 28 ستمبر 2024ع‍) اپنے بیان میں لبنان کے تاریخ ساز اور عظیم راہنما سید حسن نصر اللہ اور ان کے کئی ساتھیوں کی شہادت کی تصدیق کر دی۔

سید حسن نصر اللہ 64 سال کی عمر میں، حزب اللہ لبنان کی 32 سالہ شاندار قیادت کے بعد اپنی دیرینہ آرزو کے مطابق مقاوم شہادت پر فائز ہوئے۔

۔۔۔۔۔

110