اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حالیہ دنوں مرکزی زیر انتظام والے جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں فیشن شو کی تقریبات کے خلاف برقعہ پوش خواتین کی ایک بڑی تعداد نے ڈل جھیل کے کنارے پرتاپ پارک سے لیکر ایس کے ای سی سی تک پیدل مارچ کرکے زور دار احتجاج کیا۔ خواتین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے جن پر فیشن شو کے خلاف اور پردہ کے حق میں نعرے درج تھے۔ پلے کارڈز پرائمہ اطہار اور امام خمینی کے اقوال کے علاوہ مغربی تہذیب کے خلاف بھی نعرے درج تھے ۔پیدل مارچ میں شامل احتجاجی خواتین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیشن شو کے نام پر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سرزمین کشمیر کو فحشیات، عریانیت اور بے حیائی کی منڈی میں تبدیل کیا جارہا ہے تاکہ ان حربوں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری غیور خواتین کو گمراہ کیا جاسکے اور وہ دین سے دوری اختیار کرکے محض ایک کھلونا بن جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین باغیرت اور زندہ ضمیر ہیں وہ اس طرح کی سازشوں کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ برقعہ یا حجاب ہماری شان پہچان اور غیرت ہے ہمیں اس پر فخر بھی ہے لہذا ہم اس فیشن شو جیسے فحاشی اور بے حیائی کی بھر پور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے جموں و کشمیر کے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سرزمین کشمیر میں فیشن شو کو اجازت دینے سے پرہیز کریں ۔احتجاج میں شامل ایک خاتون نے کہا کہ فیشن شو پردہ کے خلاف ایک منظم سازش ہے اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے خواتین کو چاہئے کہ وہ بیدار ہوجائیں۔
خیال رہے کہ ٹیگور ہال اور ایس کے ای سی سی میں پہلی مرتبہ فیشن شو کی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں کشمیری خواتین کو استعمال کر کے اس فیش شو کو کامیاب بنا گیا ۔



۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲