اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
اتوار

14 مئی 2023

10:13:27 PM
1365688

صہیونیت کو ایک شکست اور؛

پانچ روزہ جنگ میں مقاومت نے صہیونی ریاست کو 1469 میزائلوں کا نشانہ بنایا

صہیونی فوج نے اعلان کیا کہ فلسطینی مقاومت نے غزہ پر جعلی ریاست کی پانچ روزہ جارحیت کے جواب میں 1469 راکٹ اور میزائل مقبوضہ علاقوں کی طرف داغے ہیں۔

عالمی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی - ابنا - کے مطابق، صہیونیوں کے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 1139 راکٹ اور میزائل سرحدی دیوار پار کر گئے ہیں اور صہیونی فوج کے میزائل شکن نظام "آئرن ڈوم" نے صرف 439 میزائلوں کو مار گرایا اور اور "ڈیوڈ سلنگ" نامی سسٹم صرف دو میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہو سکا ہے۔

عرب - 48 نامی اخباری ویب گاہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی پر صہیونی جارحیت کے دوسرے دن، غزہ میں مقاومتی تحریکوں کے مشترکہ کمانڈ روم نے "ثأر الأحرار" (احرار کا انتقام) نامی کاروائی کے آغاز کا اعلان کیا اور راکٹوں اور میزائلوں کے ذریعے جوابی کاروائی شروع ہوئی جو کل (سینچر 13 مئی 2023ع‍) تک جاری رہی۔ یہ جنگ کل رات 10 بجے - [مقاومت کی مدد سے گریزاں اور ثالثی کے دائمی رضاکار ممالک] - مصر اور قطر کی ثالثی سے بند ہوئی اور زخمی غزہ پر سکون ہؤا!

جارح صہیونی فوج نے آج [مورخہ 14 مئی] کو ایک بیان جاری کرکے تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی سے مقاومت نے مقبوضہ علاقوں میں صہیونی مراکز پر 1469 میزائل اور راکٹ فائر کئے ہیں جن میں سے 1139 صہیونیوں کی حفاظتی دیوار کو عبور کر لیا ہے۔

صہیونیوں کا دعوی ہے کہ 291 میزائل غزہ ہی میں گرے ہیں یا غزہ کی فضا میں پھٹ گئے ہیں اور 39 راکٹ سمندر میں جا کر گرے ہیں! ان خبروں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔  

صہیونیوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کل رات جنگ بندی کے بعد بھی 35 راکٹ غزہ سے فائر کئے گئے ہیں، [جبکہ اس سے پہلے اسلامی جہاد تحریک نے اعلان کیا تھا کہ اس نے جنگ بندی کے نفاذ سے قبل 40 راکٹ صہیونیوں کے صنعتی مراکز پر داغے ہیں]۔

صہیونیوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ راکٹ اور میزائل حملوں کے نتیجے میں "صرف دو صہیونیوں کی ہلاکت" واقع ہوئی ہے اور 75 صہیونی زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صہیونیوں کی حالیہ جارحیت کے دوران غزہ میں 33 افراد شہید اور 190 زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ صہیونیوں کی حالیہ جارحیت میں جہاد اسلامی مقاومتی تحریک کے چھ کمانڈر شہید ہوئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110