اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
بدھ

10 مئی 2023

5:54:15 AM
1364317

طاقت کا توازن مغرب سے مشرق کی جانب تبدیل ہو رہا ہے: جنرل باقری

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے عمان کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف عبداللہ بن خمیس الرئیسی سے ملاقات میں کہا ہے کہ مستقبل ہمارا اور ایشیا کا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ آج طاقت کا توازن مغرب سے مشرق کی جانب تبدیل ہونے کی نئی علامتیں دکھائی دے رہی ہیں اور مستقبل کا تعلق ایشیا سے ہے۔

جنرل محمد باقری نے عمان کے چیف آف جنرل اسٹاف ایڈمرل عبداللہ بن خمیس الرئیسی سے ملاقات میں مغربی ایشیا اور خلیج فارس کے علاقے کو دنیا کا ایک حساس ترین علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ گذشتہ برسوں کے دوران امریکیوں کی زورآزمائی کی جگہ رہا ہے جنھوں نے خود کو مطلق العنان حکمران کے طور پر دنیا اور خطے پر مسلط کرنے کی کوشش کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران اور عمان کے مابین دفاعی تعاون فروغ پا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون میں سمندری سیکورٹی کے قیام کے لیے دونوں ملکوں کی مشترکہ فوجی اور بحری مشقیں شامل ہیں اور ہم عمان کو مشترکہ بین الاقوامی فوجی مشقوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔

ایڈمرل عبداللہ بن خمیس الرئیسی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ اس قسم کے دوروں سے دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک خطے کے بیٹے ہیں اس لیے ہم اپنے مفادات کو دوسروں سے بہتر سمجھتے ہیں اور ہمارا خیال ہے کہ خطے کے ممالک کے اتحاد اور یکجہتی سے خطے کی سیکورٹی فراہم کی جا سکتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242