اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
جمعہ

7 اکتوبر 2022

3:56:07 PM
1311262

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات

شیعہ علماءکونسل پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شیعہ علماءکونسل پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کی۔ وفد میں شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدرو علامہ عارف حسین واحدی، علامہ مظہر عباس علوی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ شامل تھے۔ وفد نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفد نے ایرانی سفیر کو زاہرین کے مسائل سے مفصل طور پر آگاہ کیا اور زائرین کے مسائل کے فوری حل کی گذارش کی۔ وفد نے بتایا کہ ویزہ میں تاخیر سے اربعین میں زاہرین مشکلات کا شکار رہے اور اب بھی سرحدات پر زاہرین کی ایک بڑی تعداد وطن واپسی اور ایران داخلے کی مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے ان مشکلات کی تفصیلات سے سفیر محترم کو آگاہ کیا۔ جبکہ وفد نے ایرانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کی اسناد کو پاکستان کی یونیورسٹیز میں بھی متوازی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے بہترین دوستانہ و برادرانہ تعلقات کی بنا پر پاکستانی زائرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا دونوں ہمسایہ ممالک میں ثقافتی، مذہبی، عوامی، دوستانہ اور برادرانہ مظبوط روابط قائم ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے آئندہ اربعین کے حوالے سے زائرین کے مسائل کے حل اور ویزہ پالیسی کو پاکستانی زاہرین کے لیے آسان بنانے سے متعلق بھی اقدامات کرنے کا یقین دلایا جبکہ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طالب علموں کے لیے تعلیمی مواقع کو بھی آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹیز کے ان طالب علموں کی اسناد کو بھی پاکستانی یونیورسٹیوں میں متوازی حیثیت دلانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس معاملے کو بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲