25 ستمبر 2019 - 14:27
امریکی صدر کے ساتھ ایرانی صدر کی ملاقات کے لئے میکرون اور جانسن کا اصرار

فرانس اور برطانیہ کے سربراہان مملکت نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ایک ساتھ ملاقات کرکے ان سے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لئے راضی ہوجائیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر امانوئیل میکرون اور برطانوی وزیراعظم بوریس جانسن نے نیویارک میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ایک ساتھ ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لئے راضی ہوجائیں ۔ فرانسیسی صدر میکرون نے اس سہ فریقی ملاقات میں کہا کہ اگر ایران کے صدر حسن روحانی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کئے بغیر نیویارک سے چلے گئے تو گویا ایک موقع ہاتھ سے نکل جائےگا - واضح رہے کہ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے دیگر عہدیدار ایک ایسے وقت ایران کے ساتھ مذاکرات کی بات کر رہے ہیں جب واشنگٹن نےگذشتہ برس غیر قانونی طریقے سے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے خلاف پابندیاں دوبارہ عائد کردیں - ایران نے واضح کردیا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات اسی صورت میں ممکن ہوں گے جب وہ توبہ کرلےگا اور ایران کے خلاف ساری پابندیاں ختم کردے گا - اور اس وقت بھی مذاکرات صرف ایٹمی معاملات پر پانچ جمع ایک گروپ کے دائرے میں ہی ہوں گے -

۔۔۔۔۔۔۔

/169