اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں بالاکوٹ کے قریب مبینہ دہشتگردی کیمپ کو نشانہ بنانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان نے مناسب وقت اور جگہ پر بھارتی مہم جوئی کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بھارت کی طرف سے بھاری جانی نقصان کا دعوٰی بھِی بےبنیاد قرار دے دیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کسی مبینہ دہشت گرد کیمپ کو بالاکوٹ کے قریب نشانہ نہیں بنایا گیا،مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سمیت پوری دنیا اس جگہ کا معائنہ کرسکتی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ الیکشن میں بھارتی عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھارتی حکومت نے خطے کے امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا، بھارت نے یہ کارروائی اپنے انتخابی ماحول کو سامنے رکھ کر کی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا بھارت نے بلاجواز جارحیت کا آغاز کیا ہے جس کا جواب پاکستان اپنے منتخب کردہ وقت اور مقام پر دے گا۔ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے معاملے پر عالمی رہنماؤں کو بھِی بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسی کے بارے میں آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستانی وزیراعظم نے مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169