2 جولائی 2018 - 16:49
امریکا انسانی اسمگلنگ کے مافیا گروہ کا سرغنہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر عدم استحکام پیدا کرنے والی امریکی پالیسیوں کی وجہ سے ہی انسانی اسمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا انسانی حقوق کو دوسرے ملکوں پر دباؤ ڈالنے کے ایک حربے کے طور پراستعمال کررہا ہے -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے انسانی اسمگلنگ کے موضوع پر امریکی وزارت خارجہ کی سالانہ رپورٹ کو مخاصمانہ، جانبدارانہ اور سیاسی قرار دیتے ہوئے اس کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا اور کہا ہے کہ عالمی سطح پر عدم استحکام پیدا کرنے والی امریکی پالیسیوں کی وجہ سے ہی انسانی اسمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے - امریکا نے انسانی اسمگلنگ کے موضوع پر اپنی سالانہ رپورٹ میں اسلامی جمہوریہ ایران پر الزام لگا ہے کہ وہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہے- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی حکومت اپنے اس قسم کے اقدامات کے ذریعے کوشش کررہی ہے کہ وہ عالمی رائے عامہ کی توجہ  اپنی مداخلت پسندانہ پالیسیوں اور عالمی سطح پر خاص طور سے مغربی ایشیا اور افریقا میں  تخریبی اور عدم استحکام پیدا کرنے والی اپنی پالیسیوں سے منحرف کرے - ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے انسانی اسمگلنگ کے لئے جو مافیا گروہ اور خطرناک نیٹ ورک تشکیل دیا ہے اس پر بھی پردہ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے - انہوں نے انسانی اسمگلنگ خاص طور پر خواتین اور بچوں کی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر عالمی برادری کی تشویش کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ آزاد اور خود مختار ملکوں کے خلاف مختلف جرائم منجملہ انسانی اسمگلنگ کا بہانہ بناکر یکطرفہ طور پر رپورٹ تیار کرنے کے تعلق سے امریکا کا خودسرانہ اقدام نہ صرف عالمی قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس قسم کے جرائم کا سد باب کرنے کے میدان میں حکومتوں کے درمیان بین الاقوامی تعاون کو بھی کمزور کرے گا بنابریں امریکی حکومت کو اس سلسلے میں جواب دہ ہونا چاہئے - اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے  اپنے ایک اور بیان میں کہا ہےکہ امریکی حکومت انسانی حقوق کے مسئلے کو  دوسرے ممالک پر دباو ڈالنے کے لئے  ایک حربے کے طور پر استعمال کرتی ہے  اور اس کا یہ نعرہ محض ایک سیاسی نعرہ ہے - وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے انسانی حقوق کے بارے میں امریکی دعووں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے مہاجرین اور بچوں کو ان کے والدین سے علیحدہ کرنے کےاقدامات بذات خود غیر انسانی اور انسانیت کے خلاف ہیں۔ترجمان وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل  کے طرز عمل اور اس کونسل سے امریکہ کے نکلنے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے بارے میں دوہرا معیار اس بات کا باعث بنا ہے کہ امریکہ من مانی کرے اور یہ ادارہ اس حوالے سے دوغلی پالیسی پر عمل کرے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی جانب سے عالمی معاہدوں منجملہ پیرس معاہدے اور جوہری معاہدے سے علیحدہ ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے اقدامات معاہدوں کو پاوں تلے روندنے اور معاہدوں کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲