اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/کشمیر کے معروف تبلیغی خانوادۂ موسوی کے جلیل القدر عالم دین اور انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر مرحوم محبوب ملت حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی کی 16 برسی کے موقعہ پر تنظیم کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی مجالس کا انعقاد کی گیا۔ جب کہ تنظیم کے اہتمام سے وادی میں منعقد ہونے والے جمعہ مراکز پر مرحوم قائد کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی و قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ مجالس عزا بھی منعقد ہوئیں۔ اس موقعہ پر ائمہ جمعہ حضرات نے مرحوم قائد کی دینی ،تبلیغی، علمی، سماجی، سیاسی اور ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جن مقامات پر مرحوم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مجالس عزا منعقد ہوئیں اُن میں مرکزی امام باڑہ بڈگام، قدیمی امام باڑہ حسن آباد، امام باڑہ یاگی پورہ ماگام، جامعہ مسجد سونہ پاہ بیروہ، آستان شریف چاڈورہ، جامعہ مسجد نوگام سمبل، امام باڑہ گامدو سوناواری، امام باڑہ بونہ محلہ اندوکوٹ، جامعہ مسجد موسوی پارک اندر کوٹ، امام باڑہ چھاترگام ، امام باڑہ صوفی پورہ پہلگام وغیرہ شامل ہیں۔ ائمہ جمعہ حضرات نے آقای مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کو اپنے آباء و اجدا کے 5 سو سالہ تبلیغی مشن کا لا مثال امین و محافظ قرار دیا۔ ائمہ حضرات نے صدر مرحوم کی صبر و استقامت، قوت برداشت، نفس کشی اور جذبۂ احیاے شریعت کو شیعیان کشمیر کا سرمایۂ افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیر میں دین و شریعت کی ترویج اورمسلک و ملت کی سربلندی کیلئے بانئ انجمن شرعی شیعیان کا معتمداور جانثاربن کر جو گرانقدر خدمات انجام دیئے ہیں وہ خانوادہ موسوی کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس موقعہ پر اراکین و عاملین نے مرحوم کے تبلیغی مشن کو جاری و ساری رکھنے کیلئے مرحوم رہنما کے خلف صالح کے ہاتھ مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا عزم دہرایا۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ بانئ انجمن شرعی شیعیان آیت اللہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی ؒ جیسے مدبر، مخلص ، متقی اور ولولہ انگیز عالم جلیل اور حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی جیسے ایصار و وفاکیش شخصیت شیعیان کشمیر کیلئے ایک عظیم نعمت الٰہی تھی۔ کشمیر میں ترویج دین اور احیاے شریعت کیلئے موصوفان کا باہمی اعتماد اور وفا شعاری ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ صدر مرحوم کی پُر کشش اورولولہ آفرین شخصیت کا راز آباء و اجدا کی راہ و روئش کی پیروی اور اپنے مربی و قائد کی صحبت و تربیت اور مثالی اطاعت و فرمانبرداری تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انقلاب اسلامی ایران کی ترجمانی اور نظام ولایت فقہی کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے میں صدر مرحوم کا کلیدی کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔ آغا صاحب نے کہا کہ موئے مقدس تحریک کے دوران بانی انجمن شرعی شیعیان کی نیابت میں صدر مرحوم نے جو جرأت مندانہ اور تاریخ ساز کردار ادا کیا وہ کشمیر میں اتحاد ملی کے حوالے سے ایک ناقابل فراموش باب ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲