اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی معاون اور نیشنل سیکورٹی کونسل کی سینئر ڈائریکٹر برائے جنوبی و وسطی ایشیا لیزا کرٹس کی سربراہی میں اس کونسل کے ایک وفد نے پاکستان کا اچانک دورہ کیا۔امریکی وفد نے پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔پاکستان کے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ زور و زبردستی اور دیگر ملکوں پر دباؤ ڈال کر دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جاسکتا اس لئے امریکا اور پاکستان کے مابین دہشتگردی کو شکست دینے کے لیے ہم آہنگی نہایت اہم ہے۔واضح رہے کہ امریکی وفد نے ایسے موقع پر پاکستان کا ہنگامی دورہ کیا ہے کہ جب ایک ہفتہ قبل امریکا نے پیرس میں فنانشل ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کو دہشتگردوں کے لیے مالی معاونت کرنے والے ممالک کی واچ لسٹ میں رکھنے کی قرارداد پیش کی تھی۔پاکستان اورامریکہ کے تعلقات امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے ہونے کے الزامات کے بعد کشیدہ ہو گئے اور پاکستان کے حکام و عوام نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲