14 اکتوبر 2017 - 13:34
مسٹر ٹرمپ کی ایران کے خلاف ہرزہ سرائیوں کا منہ توڑ جواب

اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر صدر مملکت حسن روحانی نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہرزہ سرائی اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر صدر مملکت حسن روحانی نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہرزہ سرائی اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے گزشتہ رات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی توہین آمیز تقریر اور ایران مخالف بے بنیاد الزامات کے جواب میں قومی ٹیلی ویژن سے براہ راست خطاب میں ایران کے خلاف ہرزہ سرائی کا ٹھوس، منطقی اور مدبرانہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے کیونکہ امریکہ کی تاریخ سنگین، ہولناک اور وحشیانہ جرائم سے پر ہے  اور ایرانی قوم نے اب  کسی بھی طاقت کے خلاف سر تسلیم خم نہیں کیااور نہ ہی سر تسلم خم کرے گی۔

 ایران کے صدر نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ہرزہ سرائیوں سے واضح ہو گیا کہ  انتخابی مہم کے دوران جو سوچ ٹرمپ کی تھی اس سے کہیں زیادہ جوہری معاہدہ مضبوط ہے کہا کہ ایرانی قوم اور جوہری معاہدے کے خلاف سازشوں میں امریکہ ماضی سے زیادہ تنہائی کا شکار ہوا ہے۔

صدر مملکت روحانی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف ہرزہ سرائیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، ایران کا عظیم اور طاقتور ادارہ ہے جس کا مقصد ملکی دفاع کو یقینی بنانے کے علاوہ خطے کے مظلوم اقوام کے برابر کھڑا ہونا اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کرنا ہے۔

صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کر رہا ہے،ان دہشتگردوں کے خلاف جن کے بارے میں ٹرمپ نے اپنے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ داعش کو وجود میں لانے میں امریکی حکومت کا ہاتھ ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ میزائل پروگرام کا مقصد ملک کا دفاع کرنا ہے اور ایران نے ہمیشہ اپنی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کوشش کی ہے اور اس جد و جہد کو مزید فروغ دیں گے کیونکہ ہمارے ھتھیاروں کا مقصد اپنے دفاع کرنا ہےلہذا ہم اپنی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرتے رہیں گے.

انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز ایران میں سیاست سے دین الگ نہیں اور دین و ولایت کو آپس میں ملانے کے لئے سپریم لیڈر لا ایک اہم مقام ہے لہذا ایرانی عوام شریعت اور قانون کے مطابق اپنے رہنما اور قائد کا احترام کرتے اور قائد کی ہدایات پر عمل کرتے رہیں گے.

ڈاکٹر روحانی نے امریکی حکام کو تجویز دی ہے کہ وہ ایرانی قوم کے خلاف سازشوں سے باز آئیں، ایرانی عوام امریکی عوام کا احترام کرتے ہیں مگر ہمیں جارحیت اور دشمنی پر مبنی امریکی پالیسی منظور نہیں لہذا امریکیوں کو چاہئے کہ آزاد اور خودمختار قوموں کا احترام سکھیں.

انہوں نے مزید کہا کہ سازشی قوتوں کا اصل مقصد ایران کو ترقی اور معاشی خوشحالی سے دور رکھنا ہے اور دوسری طرف امریکہ عالمی برادری کو ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف اکسانا چاہتا ہے تاہم امریکی سیاستدانوں کی منحوس پالیسیوں کے باوجود ایرانی قوم معاشی ترقی کے لئے جدو جہد کرے گی اور ہم ملک میں مزاحمتی اقتصاد پالیسی کے نفاذ کے لئے قائد اسلامی انقلاب کی ہدایات کے مطابق عمل کرتے رہیں گے

واضح رہے کہ کل رات امریکی صدر نے ایران کے خلاف پالیسی بیان میں ایران پر ایک بار پھر من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدہ امریکی تاریخ کا بد ترین معاہدہ تھا جسے اب ختم ہونا چاہئیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲