اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب فورس صرف ایک عسکری ادارہ نہیں بلکہ مظلوموں کی مددگار اور دہشتگردوں کا دشمن ہے جس پر نہ صرف ایرانی قوم کو ناز ہے بلکہ خطے کے تمام ممالک اور دہشتگردی کا شکار اقوام کے لئے باعث فخر ہے.
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے آج بروز بدھ تہران میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاہدہ تمام ممالک بالخصوص جوہری مذاکرات میں شریک ممالک کے لئے ایک امتحان ہے جس سے ان کے عہد اور عزم کا پتہ چل جاتا ہے.
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سنجیدگی اور تعمیری رویے کے ساتھ اپنے وعدوں پر قائم رہا اور ہمیں اس پر فخر ہے تاہم اگر دوسرا فریق بدخواہ اور وعدہ خلاف نکلے تو یہ ہماری شکست نہیں بلکہ دوسرے فریق کی شکست ہے.
صدر روحانی نے کہا کہ ایران مناسب وقت اور صورتحال کے تناظر میں تعمیری مذاکرات کئے اور اس عمل میں کامیابی حاصل کی لہذا اگر تمام فریقین اس معاہدے پر من و عن عمل کریں تو ان کی ساکھ برقرار رہے گی دوسری صورت میں مغربی فریق اپنی ہی ساکھ کو نقصان پہنچائے گا.
انہوں نے کہا کہ آج 5 عالمی طاقتیں بمعہ یورپی یونین اور دنیا کے دیگر ممالک ایران جوہری معاہدے کی حمایت کرتے ہیں جبکہ صرف ایک امریکہ ہی ہے جو اس معاہدے کی مخالفت کرتا ہے تاہم اس سے امریکی قومی مفادات کو ہی نقصان پہنچے گا.
خطے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر روحانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ مظلوم اقوام اور جن ممالک پر ظلم و ستم ڈھائے گئے ان کی مدد کرتا رہا ہے.
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ امریکہ خطے میں داعش کو مزید 20 سال سرگرم رکھنے کا خیال کررہا تھا مگر پاسداران انقلاب نے ان کی اس سازش کو بے نقاب کیا اس لئے امریکہ ہماری بہادر اور غیرتمند پاسداران فورس کے خلاف نئی سازش کا آغاز کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ پاسداران انقلاب تمام ایرانی عوام کے دلوں میں بستی ہے، صرف ہماری قوم ہی نہیں بلکہ خطے کی پوری اقوام بالخصوص عراقی، کرد، شامی اور لبنانی عوام پاسداران انقلاب پر فخر کرتے ہیں.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲