18 ستمبر 2017 - 12:08
پیپلزپارٹی نے بےنظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ چیلنج کردیا

راولپنڈی: بے نظیر قتل کیس کے فیصلے کے خلاف پیپلز پارٹی نے انسداد دہشت گردی کے فیصلے کے خلاف 3 اپیلیں دائر کردیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے کے خلاف 3 الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں، ایک اپیل پرویز مشرف، دوسری رفاقت حسین اور تیسری اعتزاز شاہ کے خلاف دائر کی گئی ہے۔

اپیلیں جمع کرانے کے بعد لطیف کھوسہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے بےنظیر بھٹوکو دھمکیاں دی تھیں ، بے نظیر بھٹو نے اپنی ای میل میں واضح لکھا تھا کہ انہیں پرویز مشرف کی جانب سےجان کا خطرہ ہےاگر مجھےکچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار پرویز مشرف ہوگا۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ بےنظیر بھٹو کی سیکیورٹی ختم کردی گئی تھی انہیں پوائنٹ بلینک رینج سے گولی ماری گئی، سیکیورٹی نہ ہونے کے باعث بی بی شہید گولی کا شکار ہوگئیں ،ا نہوں نے کہا کہ جن ملزمان کو بری کیا گیا ہے انہیں سزائے موت دی جائے جب کہ پرویز مشرف کو بھی ان کی عدم موجودگی میں موت کی سزا سنائی جائے۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ملزمان کو دی جانے والی سزاؤں میں سزائے موت کا ذکر ہی نہیں ہے ، بری ہونے والے پانچوں ملزمان کا دوبارہ ٹرائل کیا جائے اور انہیں موت کی سزا سنائی جائے اس کے علاوہ پولیس افسر سعود عزیز کو بھی سیکیورٹی توڑنے پر سزائے موت سنائی جائے ۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو قتل کیس میں پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزادکی اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی سزاؤں کو معطل کردیا تھاجس پر آصف علی زرداری نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتےہوئے کہا تھا کہ انہیں یہ فیصلہ قبول نہیں اور وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔

.......

/169