اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں// شیعہ فیڈریشن نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اس ظلم و ستم کو فوری طور پر رکوایا جائے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہا کہ برما میں اس ملک کی فوج اور بلوائیوں کی طرف سے ظلم کی انتہا کردی گئی ہے اور روہنگیائی مسلمانوں کو بربریت کا نشانہ بناکر تہہ تیغ کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ افسوسناک بات ہے کہ مائوں بچوں سمیت مسلم اقلیت کو ماراجارہاہے اورانسانیت کا قتل عام ہورہاہے لیکن عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک خاموش بیٹھے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ مسلمان ممالک کو اس موقعہ پر اتحاد کا مظاہرہ کرناچاہئے اور اقوام متحدہ اور دیگر پلیٹ فارم پر اس مسئلے کو زور و شور سے اجاگر کرناچاہئے تاکہ مزید قتل و غارت گری اور ہجرت نہ ہونے پائے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں کسی اقلیت کے خلاف اس قدر ظلم و ستم کی کوئی مثال نہیں ملتی اور برمی حکومت مسلمانوں کو بے گھر کرنے کے درپہ ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ ان بے چاروں کو کوئی دوسرا ملک بھی قبول کرنے کو تیار نہیں اور وہ جائیں توجائیں کہاں ۔ عاشق خان نے کہاکہ عالمی برادری کو اس موقعہ پر خاموش نہیں بیٹھناچاہئے اور خاص طور پر مسلم ممالک کوقتل رکوانے کیلئے پہل کرناچاہئے ۔ انہوںنے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جانوروں کے قتل پر بھی واویلا مچانے والے ان اداروں اور نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموںں کو برما میں ظلم کیوں دکھائی نہیں دے رہا اور انہوںنے کیوں چپ سادھ رکھی ہے ۔ عاشق خان نے کہاکہ اس سے عالمی امن کی ان ٹھیکیدار تنظیموں کے دہرے معیار کا ثبوت ملتاہے اور یہ تنظیمیں صرف وہی کام کرتی ہیں جہاں ان کا مفاد پوشیدہ ہو اور ان کے تمام تر مفادات سامراجیت اور صیہونیت سے وابستہ ہیں ،یہ وجہ ہے کہ انتہائی ظلم و زیادتی پر بھی یہ خاموش ہیں ۔فیڈریشن صدر نے حکومت ہند پر بھی زور دیاہے کہ وہ عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرکے حل کرائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲