2 مئی 2017 - 14:31
سعودی عرب سے 20 پاکستانی ڈی پورٹ

ڈی پورٹ ہونیوالے ایک پاکستانی اظہر نے بتایا کہ کفیل سے گھر کی صفائی، گیراج کی صفائی اور بازار سے سودا سلف لانے کا کام بھی لیتا جبکہ ہم اپنے کام کی جگہ سے تھکے ہارے واپس آتے تو کفیل کی بے جا خواہشات کے مطابق دوبارہ کام کرنا پڑتا جس کا کوئی معاوضہ بھی نہیں دیا جاتا تھا۔ ایک اور شخص نے بتایا کہ اگر ہم کفیل کے کام کا معاوضہ طلب کرتے تو ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا اور دھمکی دی جاتی کہ انہیں پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے پاکستان کو نکالنے کا سلسلہ تیز ہو گیا، سعودی حکومت نے مزید 20 پاکستانیوں کو غیرقانونی مقیم قرار دے کر ڈی پورٹ کر دیا۔ سعودی عرب کی جانب سے ان 20 پاکستانیوں کو الگ الگ پروازوں کے ذریعے لاہور بھجوایا گیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے بیدخل کئے گئے پاکستانیوں سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دیدی۔ یاد رہے کہ 29 اپریل کو بھی سعودی عرب سے 150 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہو کر آنیوالے پاکستانیوں نے امیگریشن حکام کو بتایا کہ سعودی عرب میں وہ باقاعدہ ورک ویزے پر گئے تھے لیکن وہاں ہمارے ساتھ طے شدہ شرائط کے برعکس سلوک کیا گیا اور جس کے کفیل کے زیرسرپرستی ہمیں رکھا گیا اس کی جانب سے بے جا مطالبات اور پیسوں کے تقاضے سے پریشان تھے۔

.......

/169