22 اپریل 2017 - 05:03

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہاکہ ریاست میں تعینات لاکھوں بھارتی فورسز عملاً یہاں کے نہتے عوام کے ساتھ دوبدو جنگ میں مصروف ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہرہنما آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے BJP کے ریاستی وزیر چندر پرکاش گنگا کے کشمیر کے حالات سے متعلق تاثرات کو RSS کے اساسی نظریات کاآئینہ دار قراردیتے ہوئے کہاکہ موصوف کا بیان کشمیر میں ہندوفرقہ پرست قوتوں کے صفاکانہ ارادوں کا عکاس ہے۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہاکہ ریاست میں تعینات لاکھوں بھارتی فورسز عملاً یہاں کے نہتے عوام کے ساتھ دوبدو جنگ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گنگا کا بیان فورسزکو مزید بربریت کا حوصلہ دلانے کے مترادف ہے۔ آغاصاحب نے کہاکہ پتھربازی نہ کشمیری نوجوانوں کا مشغلہ اور نہ ہی کوئی مشن ہے یہ صرف اور صرف فورسز کی وحشیانہ کاروائیوں کا ایک فطری رد عمل ہے۔ اگر BJP رہنما چندرپرکاش گنگا کو کشمیر میں سچ مُچ امن اور حالات میں سدھار کی پُر خلوص خواہش ہوتی تو ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرتے، بلکہ دلی کو تمام متعلقین سے بات چیت کرنے کا مشورہ دیتے۔ آغا صاحب نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام سے پُر امن احتجاج اور احساسات کو اظہار کا جمہوری حق چھین کر کشمیرمیں دانستہ طور پر حالات کو پُر تشدد بنا رہا ہے تاکہ کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور طلاب پر فورسز کے وحشیانہ کاروائیوں کی مہذب دنیا میں کوئی گنجائش نہیں۔ کشمیر کے طلاب حتیٰ کہ طالبات پر جبرو قہر کے سانحات مہذب دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲