24 ستمبر 2026 - 16:07
عراق اور ترکیہ کا سنجار میں غیر ملکی مسلح عناصر کی موجودگی ختم کرنے پر اتفاق

عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعلقات پر مذاکرات کے دوران سنجار میں عراقی حکومت کی مکمل خودمختاری نافذ کرنے اور ممنوعہ غیر ملکی مسلح عناصر کی موجودگی ختم کرنے پر اتفاق کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراقی وزیراعظم اور ترک صدر نے مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے تزویراتی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور بغداد اور انقرہ کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک فوج بعشیقہ زلیکان کیمپ کو طے شدہ طریقہ کار اور متفقہ نظام الاوقات کے مطابق بتدریج عراقی وفاقی حکومت کے حوالے کرے گی۔

عراقی وزیراعظم اور ترک صدر نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے، طے پانے والے معاہدوں پر فوری عمل درآمد اور مشترکہ تزویراتی منصوبوں، بالخصوص ترقیاتی شاہراہ کے منصوبے پر عمل درآمد تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

الزیدی اور اردوان کے درمیان یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 81واں اجلاس منگل 17 شہریور 1405 کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ’’اعتماد کی بحالی‘‘ کے عنوان سے شروع ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha