اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے شیعہ علماء نے مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کی زیرصدارت اجلاس میں کچھ عناصر کی طرف سے عقائد تشیع کو مسخ کرکے پیش کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار بیزاری کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ اہل علم سے مربوط ہوکر مدارس دینیہ کو مضبوط بنائیں جبکہ علامہ سید ریاض حسین نجفی، علامہ سید ساجد علی نقوی اور علامہ شیخ محسن نجفی کی نگرانی میں 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو عقائد کو مسخ کرکے پیش کرنے کی قبیح سازشوں روکنے کیلئے اقدامات تجویز کرے گی۔ جامعتہ المنتظر لاہور میں ہونیوالے اس اجلاس میں علامہ محمد حسین نجفی، علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ محمد جمعہ اسدی، علامہ محمد افضل حیدری اور ملک بھر سے دیگر بزرگ علماء نے شرکت کی۔ اجلاس میں توحید و رسالت اور دیگر مسلمہ عقائد کو مسخ کرکے پیش کرنیوالوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ تشیع کے عقائد کی درستگی اور تشریح کیلئے ذمہ دار علماء سے رجوع کریں اور مکتب اہلبیتؑ کی بدنامی کا باعث نہ بنیں۔ اجلاس میں نام نہاد عناصر کی طرف سے منبر حسینی کے غلط استعمال اور سادہ عوام کو اسلام کے نگران مجتہدین اور مراجع تقلید کیخلاف اکسانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ شرپسند خطیب اور چند بھٹکے ہوئے نام نہاد ذاکرین بیرونی ایجنڈے کے تحت تشیع کو بدنام کر رہے ہیں اور ایسے عقائد کو مسخ کرکے خود ساختہ انداز سے پیش کر رہے ہیں، جن کا اسلام، پیغمبر اکرم اور ان کے جانشینوں کی تعلیمات اور عقائد تشیع سے کوئی تعلق نہیں، عقائد تشیع وہی ہیں جو قرآن الحکیم اور اہلبیت محمد کی تعلیمات میں پیش کردہ ہیں، خود ساختہ عقائد مذہب حقہ کی توہین اور اسلام کی نفی کے مترادف ہے، جس کی نیم خواندہ مقررین اور چند نام نہاد ذاکرین کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اجلاس سے خطاب میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے تشیع کیخلاف سوشل میڈیا پر چلنے والے بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تشیع اسلام کی بہترین تعبیر کا نام اور کھلی کتاب ہے، جس کا شرک اور غلو سے کوئی تعلق نہیں، ہم شیعہ ہیں، نصیری نہیں، ملی وحدت کو نقصان پہنچائے بغیر عقائد تشیع کو مسخ کرنے کیخلاف منظم مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی شیعہ کیخلاف ہونیوالی سازشوں کا اتحاد امت کے ذریعے مقابلہ کیا، اب بھی کریں گے۔
.......
/169