23 مارچ 2017 - 11:25
مغربی موصل میں عراقی افواج کی پیشقدمی + تصاویر

موصل میں عراق کی مشترکہ فوج کی کمان نے کہا ہے کہ مغربی موصل میں دہشت گردوں کے خلاف عراقی افواج کی پیشقدمی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مشترکہ فوج کی کمان نے اپنے بیان میں مغربی موصل کےعلاقے ساحل غربی میں عراقی افواج کی پیشقدمی کا ذکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی افواج نے اس علاقے کے متعدد حصوں کو آزاد کرانے کےساتھ ہی داعش کے دسیوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔

موصل میں عراق کی مشترکہ فوج کی کمان نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ عراقی افواج نے پچھلے چند گھنٹے کے دوران باب الطوب، ٹرمینل ، باب الابیض، باب الحدید اور اسی طرح قدیمی موصل کی جانب پیشقدمی کی ہے۔

عراقی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے مغربی موصل میں نابلس اور الرسالہ محلوں کے آپارٹمنٹس کو بھی آزاد کرالیا ہے اور یرموک اور العین جنوبی جیسے علاقوں میں اپنی پوزیشنیں مستحکم کرلی ہیں جبکہ بھاری تعداد میں داعش کے ہتھیار اور گولہ بارود کو ضبط کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم حیدرالعبادی کے حکم پر گذشتہ انیس فروری سے مغربی موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع ہوئی ہے اس سے پہلے چوبیس جنوری کو مشرقی موصل کو پوری طرح سے آزاد کرالئے جانے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا تھا۔

.......

/169