اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وطن کے دفاع کیلئے سرحدوں کی حفاظت کرنے والے افسروں اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال کو سراہا۔ اس سے پہلے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹین کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے دشمن کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا جارحانہ انداز دنیا کی کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت نے اب سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اسے پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ سپہ سالار نے جوانوں کو حکم دیا کہ اب دشمن ایک بھی گولی چلائے تو پوری طاقت سے جواب دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی خطے میں دیرپا امن قائم ہوسکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
دیگر ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے سیزفائر کی خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے 10کور کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ دن گزارا، جنرل قمر باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ اور بھارتی فائرنگ اور سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےجوانوں کو ہر دم تیار رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے سیزفائر کی خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے۔
.......
/169