3 دسمبر 2016 - 17:16
ایران کی جانب سے ہندوستان کو مشترکہ سرمایہ کاری کی دعوت

اسلامی جمہوریہ ایران کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ نے ہندوستان کو جنوب مشرقی ایران میں واقع چابہار بندرگاہ میں انڈسٹریل زون قائم کرنے کے لیے مشترکہ سرمایہ کاری کی تجویز دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ غلامحسین شافعی نے سنیچر کے دن نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایرانی اور ہندوستانی تاجروں اور صنعتکاروں کی مشترکی نشست میں کہا کہ ایران تاجر و صنعتکار ہندوستان کے ساتھ مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران نئی دہلی کو چابہار بندرگاہ میں انڈسٹریل زون قائم کرنے کے لیے سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مشترکہ تعاون کی دعوت دیتا ہے۔غلامحسین شافعی نے توانائی، ٹرانزٹ اور مشترکہ سرمایہ کاری کو ایران اور ہندوستان کے اقتصادی تعلقات کے تین اہم محور قرار دیا اور کہا کہ چابہار بندرگاہ میں ہندوستان کی سرمایہ کاری سے مصنوعات کی برآمدات کے سلسلے میں اس ملک کے ٹرانزٹ اخراجات میں کافی حد تک کمی واقع ہوگی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی لین دین کی شرح کم ہے اس میں مزید اضافے کی امید کو ظاہر کیا۔

ایران اور ہندوستان کے تاجروں کی مشترکہ نشست سنیچر کے دن ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور ہندوستاب وزیر تیل دھرمیندر پردھان کی موجودگی میں نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔

واضح رہے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ نئی دہلی پہنچے ہیں۔

.......

/169