اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کے استاد حجت الاسلام محمد حسین صابری اراکی نے کاشان میں اربعین حسینی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اربعین امام حسین علیہ السلام عشق، ایمان اور شعور کی تجلی ہے اور یہ وہی حقیقت ہے جو پیغام عاشورا کی روح ہے۔
انہوں نے کربلا کا دوسری انسانی جنگوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کی جنگ اور دوسری جنگوں میں ’’قیام‘‘ اور ’’جنگ‘‘ کا فرق ہے۔ جنگ میں دونوں لشکروں کے جنگی سازو سامان میں توازن ہونا ضروری ہوتا ہے مگر قیام میں جیسا کہ امام حسین علیہ السلام کا قیام تھا، توازن کو نہیں دیکھا جاتا بلکہ اہداف و مقاصد کو دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عاشورا کے نتائج کو بھی عاشورا کے مقاصد کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ 14 صدیاں گزرنے کے بعد آج بھی ہم اس واقعہ کے آثار و نتائج کو امریکہ جیسے ممالک میں بھی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عاشورا کے نتائج اور اثرات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ دنیا کے سامنے خالص محمدی اسلام اور بنو امیہ کے اسلام میں فرق بھی واضح ہو گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169