اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عراقی شہر حلہ میں زائرین کے کارواں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ کروڑوں عاشقان حسینی کے اربعین ملین مارچ سے تکفیریوں کی وحشت کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اس سال اربعین ملین مارچ کی شکوہ اور عظمت تکفیری دہشت گردوں کے لئے ناقابل برداشت تھی۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زائرین حسینی کی مظلومانہ شہادت نے مسلمانان عالم کے قلوب کو مجروح کر دیا ہے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران انتہا پسندوں اور تکفیری دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت اور عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عنقریب دنیا تکفیری دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کی شکست فاش کا مشاہدہ کرے گی۔
عراق کے صدر اور دیگر رہنماؤں نے بھی حلہ میں زائرین کے کارواں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ عراق کے صدر فواد معصوم نے اعلان کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ دار کیفر کردار تک پہنچنے سے بچ نہیں سکیں گے۔
عراق کے معروف سیاسی و مذہبی رہنما سید عمار حکیم نے بھی اس حملے کو بزدلانہ اور اربعین حسینی کی عظمت و شکوہ سے تکفیریوں کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ عراقی کردستان کے سربراہ مسعود بارزانی نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ عراق میں ذلت آمیز شکست ان کا مقدر ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس قسم کے وحشیانہ حملوں سے تکفیری دہشت گرد عراقی افواج سے اپنی حتمی شکست سے بچ نہیں سکیں گے۔
یاد رہے کہ جمعرات کی شام عراقی شہر حلہ کے علاقے الشوملی میں ایک پیٹرول پمپ کے نزدیک ایک کار بم کے دھماکے میں اسّی زائرین شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں میں سے چالیس کا تعلق ایران سے ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲