12 نومبر 2016 - 20:16
فرانس میں دہشتگردانہ حملوں کا امکان : فرانسیسی وزیراعظم

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے حملوں کو ایک سال کا عرصہ گذرنے کے ساتھ ہی اس ملک کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ابھی بھی دہشت گردانہ حملوں کا امکان موجود ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم مانوئل والس نے ہفتے کے روز ایک بیان میں پیرس حملوں کو ایک سال پورا ہونے کے موقع پر کہا کہ دہشت گرد بدستور ہم پر حملہ کرتے رہیں گے لیکن فرانس اور یورپ میں حملوں کو ناکام بنانے اور دہشت گردی پر غلبہ پانے کی امید پائی جاتی ہے-

فرانس کے وزیر اعظم نے کہا کہ تیرہ نومبر کے حادثے کو ایک سال کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن ابھی بھی فرانسیسی معاشرے اور عوام میں دہشت گردی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے اور فرانس کے عوام اپنے مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں اس لئے اس حقیقت یعنی دوبارہ حملوں کے امکان سے عوام کو باخبر رکھنے کی ضرورت ہے-

مانوئل والس نے کہا کہ تمام یورپی ملکوں کو مختلف نوعیت کے دہشت گردانہ خطرات کا سامنا ہے اور فرانس سمیت تمام یورپی ملکوں نے ان خطرات سے مقابلے کےلئے خود کو آمادہ کرلیا ہے-

فرانس کے وزیر اعظم نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی دہشت گردی سے مقابلے میں یورپی یونین کا ساتھ دیں -

واضح رہے کہ تیرہ نومبر دوہزار پندرہ کو پیرس کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملے کئے گئے تھے جن میں ایک سو تیس افراد لقمۂ اجل بن گئے تھے- فرانس میں اس وقت بھی ہنگامی صورتحال نافذ ہے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169