2 اکتوبر 2016 - 10:20
گذشتہ ڈیڑھ سال میں امریکہ نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر ایک بار بھی حملہ نہیں کیا:شامی حکومت

شام نے ایک بار پھر کہا ہے کہ امریکہ دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کی حمایت اور اس کو ضروری وسائل فراہم کر رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے رشا ٹوڈے کے ساتھ اپنے انٹرویو میں کہا کہ امریکہ شروع سے شام میں پلان بی پر عمل کرنے کی کوشش کر رہا ہے- شام سے متعلق امریکہ کے پلان بی میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ اور شامی حکومت کے مخالف گروہوں کی مدد شامل ہے-
بشار جعفری نے کہا کہ شام کے بارے میں امریکہ کے پاس پہلے دن سے کوئی پلان اے نہیں تھا بلکہ وہ بحران شام کے آغاز سے ہی اپنے پلان بی پر کام کر رہا تھا- ان کا کہنا تھا کہ امریکہ جبہۃ النصرہ کی حمایت کر رہا ہے اور داعش اور جبہۃ النصرہ کے خلاف حملے کرنے کا امریکی دعوی بالکل جھوٹا ہے-
شامی مندوب کا کہنا تھا کہ گذشتہ ڈیڑھ سال میں امریکہ نے جبہۃ النصرہ کے ٹھکانے پر ایک بار بھی حملہ نہیں کیا-
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے بھی کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے دہشت گرد گروہوں کی صفوں سے شام کی حکومت کے مخالف اس کے بقول اعتدال پسند گروہوں کو الگ نہ کئے جانے سے جبہۃ النصرہ ان مخالف مسلح گروہوں کی آڑ میں خود کو روپوش کر رہا ہے کہ جن کی امریکہ حمایت کر رہا ہے-
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب سے ٹیلی فونی گفتگو میں اعتدال پسند مخالف عناصر کو دہشت گرد گروہوں سے الگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کی وساطت سے جو فائربندی کا سمجھوتہ ہوا تھا اس کی جبہۃ النصرہ نے ہی کئی بارخلاف ورزی کی ہے۔

.......

/169