16 ستمبر 2016 - 13:26
کشمیر ایک بار پھر نماز جمعہ سے محروم، اکثر علاقوں میں کرفیو نافذ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جمعے کو متعدد اضلاع میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود مختلف مقامات پر پرتشدد مظاہرے کئے گئے -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سری نگر سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ حکام نے اس ہفتے بھی سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور وادی کے دیگر ضلعی صدرمقامات کی اہم مساجد میں نماز جمعہ پر پابندی عائد کردی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ حکام نے جمعے کی صبح سے وادی کے بیشتر اضلاع خاص طور پر جنوبی کشمیر کے سبھی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا تھا - سخت ترین بندشوں اور کرفیو کے باوجود متعدد علاقوں میں پرتشدد مظاہرے کئے گئے جن کےدوران کئی افراد زخمی ہوگئے- وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس مسلسل معطل ہے جبکہ علیحدگی پسند جماعتوں کی کال پر جمعے کو بھی عام ہڑتال رہی اور معمولات زندگی مفلوج رہے - اس درمیان سری نگر کے اسپتال میں ایک اور زخمی نوجوان زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا - جس کے بعد وادی میں حالات اور زیادہ کشیدہ ہوگئے ہیں - گذشتہ آٹھ جولائی کے بعد سے کشمیر میں جاری پرتشدد مظاہروں میں اب تک اسّی سے زائد افراد ہلاک اور تیرہ ہزار لوگ زخمی ہوئے ہیں - اس درمیان علیحدگی پسند جماعتوں نے وادی میں ہڑتال اور مظاہروں کی کال کا دائرہ آئندہ بائیس ستمبر تک بڑھا دیا ہے - ہڑتال اور مظاہروں کی قیادت حریت کانفرنس کے دونوں گروپ اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ساتھ کئی دیگر گروہ کررہے ہیں -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز