10 ستمبر 2016 - 13:56
کشمیر میں پرتشدد مظاہرہ، مزید افراد ہلاک

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں میں ایک بار پھر شدت آجانے کے نتیجے میں مزید افراد مارے گئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  جنوبی کشمیر میں شوپیاں کے ٹکر علاقے میں ہفتے کو پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید تصادم ہوا - اطلاع کے مطابق پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان سیار احمد ہلاک ہوگیا -

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے فائر کئے جن میں سے ایک گولہ بدقسمتی سے ایک نوجوان کے سرپر جالگا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا  لیکن مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکورٹی فورس نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شدید شیلنگ کرنے کے ساتھ ساتھ  پیلٹ گنوں کا بھی استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے -

ادھر جنوبی ضلع اننتناگ کے بوٹنگو علاقے میں بھی پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپ میں ایک تیئس سالہ نوجوان یاور احمد بٹ سیکورٹی فورس کی پیلٹ گن سے مارا گیا - اننتناگ میں بھی پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں - ان ہلاکتوں کے بعد جنوبی کشمیر کے سبھی اضلاع میں شدید مظاہرے شروع ہوگئے جو پورے دن جاری رہے اور ان میں بہت سے افراد زخمی ہوئے ہیں -

سری نگرکے پائین شہر اور سول لائن علاقوں سے بھی شدید احتجاجی مظاہروں  کی اطلاعات ہیں -جہاں دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی ایک کی حالت نازک ہے - بتایا جاتاہے کہ بڈگام میں بھی پرتشدد مظاہروں میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بہت سے لوگوں کو سری نگر کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیاہے  - وادی کشمیر سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ وادی کے سبھی اسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے  ہیں -

اس دوران ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں کشمیر کی سیاسی جماعت  نیشنل کانفرنس نے وادی میں تازہ ہلاکتوں پر اپنی رنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے سیکورٹی فورس طاقت کا بے تحاشا استعمال کررہی ہے - نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے جمعے کو بھی کہاتھا کہ مرکزی حکومت طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی غلطیاں نہ دوہرائے -

اس درمیان اطلاعات ہیں جنوبی کشمیر کے متعدد اضلاع اور شاہراہوں پر فوج کو تعینات کردیا گیا ہے - سری نگر میں ہمارے نمائندے نے ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لئے فوج عیدالاضحی کے بعد کارروائیوں کا آغاز کرسکتی ہے - دوسری جانب علیحدگی پسند جماعتوں نے لوگوں سے آئندہ سولہ ستمبر تک احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کی اپیل کی ہے سید علی شاہ گیلانی نےلوگوں سے کہا ہے کہ وہ عیدالاضحی سادگی سے منائیں -

  گذشتہ نوجولائی سے وادی میں شروع ہونےوالے پرتشدد مظاہروں میں اب تک اناسی افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ بعض ذرائع نے مرنےوالوں کی تعداد نوے سے زائد بتائی ہے اس دوران تیرہ ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سیکورٹی فورس اور پولیس کے اہلکاروں کی بھی ایک خاصی تعداد شامل ہے -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز