23 فروری 2016 - 16:21
اوبامہ کی امریکہ میں دھشتگردی کے خطرے پر تشویش

امریکی صدر باراک اوباما نے دہشت گردی کو اپنے ملک کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی ریاستوں کے گورنروں کے اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ واشنگٹن، داعش کے خلاف جنگ نیز امریکا میں اس گروہ کے ہر قسم کے ممکنہ حملے کو روکنے کے لئے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ آج ہمیں خاص طور پر تین خطرات کا سامنا ہے جن میں سب سے پہلا خطرہ دہشت گردی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سین برناردینو میں ہونے والا دہشت گردانہ حملہ صرف ایک مقام یا علاقے پر حملہ نہیں ہے بلکہ یہ پورے امریکا پر حملہ ہے۔ اس حملے میں چودہ افراد ہلاک اور سترہ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم ایک امریکی کی حیثیت سے اپنے فوجیوں کی حمایت میں متحد ہیں اور دوسرے ملکوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ دہشت گرد عناصر امریکا میں داخل نہ ہو سکیں۔ امریکی صدر نے سائبر حملے کو دوسرا اہم خطرہ قرار دیا اور کہا کہ جو ٹیکنالوجیاں آج ہمیں ایک دوسرے سے جوڑ رہی ہیں ان کی وجہ سے دشمن ہمیں نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیکر ہمارے سرکاری اداروں کو نشانہ بناتے ہیں اور امریکی عوام کی نجی زندگیوں کے لئے ایک خطرہ بن گئے ہیں۔ امریکی صدر نے زیکا وائرس کے پھیلنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیماری بھی امریکا کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲