اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق منامہ سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی کریمنل کورٹ کے ایک جج احمد الحمادی نے کہا ہے کہ دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں تین بحرینیوں کی شہریت سلب کرلی گئی ہے۔ احمد الحمادی نے منگل کے روز ایک بیان میں دعوی کیا کہ یہ تینوں ملزم، دھماکہ خیز مواد رکھنے اور دستی بم بنانے کے جرم میں پولیس کو مطلوب تھے۔ یہ دعوی ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ بحرین کے خبری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ ان تینوں افراد کا قصور، صرف یہ ہے کہ یہ تینوں بحرینی، انقلابی ہیں اور حکومت مخالف مظاہروں میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں اور ان کے خلاف عائد کیا جانے والا الزام بالکل بے بنیاد ہے۔ انسانی حقوق کا دفاع کرنے والی تنظیموں نے آل خلیفہ حکومت کی جانب سے بحرینیوں کی شہریت، سلب کئے جانے کے اقدام پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔ بحرین میں انقلابی گروہوں کے اعلان کے مطابق آل خلیفہ حکومت، اب تک بہّتر بحرینی شہریوں منجملہ سیاسی، انسانی حقوق اور میڈیا کے انچاس سرگرم کارکنوں کی شہریت سلب کرچکی ہے۔
.......
/169