21 اپریل 2015 - 09:04
ترک وزیراعظم کا ارمنی عیسائیوں سے اظہار ہمدردی

ترکی کے وزیر اعظم داود احمد اوغلو نے سنہ انیس سو پندرہ میں ہونے والے ارمنی عیسائیوں کے قتل عام کے سو سال پورے ہونے پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اس تلخ تاریخی واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ترکی کے وزیر اعظم داود احمد اوغلو نے سنہ انیس سو پندرہ میں ہونے والے ارمنی عیسائیوں کے قتل عام کے سو سال پورے ہونے پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اس تلخ تاریخی واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
ترک وزیر اعظم احمد داود اوغلو نے اس بیان میں انیس سو پندرہ میں ہونے والے اس واقعے کا ذکر کیا اور کہا کہ ہم اس واقعے میں مرنے والوں کو اچھے الفاظ سے یاد کرتے ہیں اور ان کے پسماندگان کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ترکی کے وزیر اعظم نے کہا کہ عثمانی سلطنت کے آخری دور میں عثمانی حکومت کے قلمرو میں دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے بعض ایسے لوگوں پر مظالم ڈھائے گئے جو دیگر باشندوں کے ساتھ امن و آشتی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد پہلی جنگ عظیم سے متاثر ہوئے تھے اور ہم ان کے وارثوں کی حیثیت سے اس دور میں قتل ہونے والے ارمنی عیسائیوں کی یاد تازہ رکھتے ہیں اور اس قوم کی تاریخی اور ثقافتی میراث کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ چوبیس اپریل کو اس سلسلے میں ایک خصوصی پروگرام استنبول شہر کے آرمینیائی گرجا گھر میں منعقد کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ انیس سو پندرہ میں عثمانی حکومت کی جانب سے ارمنی عیسائیوں کے قتل عام کے سلسلے میں ترک حکومت نے پہلی بار اس قسم کا بیان جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ ترکی کی حکومت نے آرمینیا کی حکومت اور دنیا بھر میں رہنے والے تمام آرمنیوں سے درخواست کی ہے کہ اس تاریخی واقعے کے سلسلے میں موجود تمام دستاویزات کو تاریخی واقعات پر نظر رکھنے والی ایک کمیٹی کے حوالے کریں جو بہت جلد تشکیل پانے والی ہے۔ ترک حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ارمنی عیسائیوں کے قتل عام پر یہ کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی، وہ اسے قبول کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲