اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی صبح, انڈونیشیا میں ایشیا افریقہ کانفرنس کے ساٹھویں یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لئے انڈونیشیا روانگی سے قبل تہران میں مہرآ باد ایئرپورٹ پر کہا کہ ہم سنجیدہ ارادے کے ساتھ مذاکرات انجام دے رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ فریق مقابل بھی اسی عزم کو ظاہر کرے گا تاکہ آئندہ دو مہینوں میں ایک جامع سمجھوتے تک پہنچا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس سمجھوتے سے، ایران کے ساتھ علاقائی اور ایشیائی ملکوں کے تعاون کی فضا ہموار ہوگی اور درحقیقت یہ ایک ایسا سمجھوتہ ہے جو سب کے فائدے میں ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی ناوابستہ تحریک کے سربراہ اور ایشیا افریقہ کانفرنس کے اہم رکن کی حیثیت سے انڈونیشیا کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے منگل کی صبح کو انڈونیشیا کے لئے روانہ ہو گئے- ایشیا اور افریقہ کانفرنس میں ایشیا اور افریقہ کے تین بادشاہ، دس صدور اور گیارہ وزرائے اعظم شرکت کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس دو روز جکارتہ میں اور ممکنہ طور پر ایک روز باندونگ میں منعقد ہو گا۔ اس اجلاس میں ایشیا اور افریقہ کے اہم مسائل نیز ناوابستہ تحریک کے ملکوں کے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا- ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی افتتاحیہ تقریب میں میزبان کے بعد تقریر کرنے والے پہلے مقرر ہوں گے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲