14 اپریل 2015 - 11:57
ایران: پاکستانی حکومت بلوچستان میں دھشتگردوں کا مقابلہ کرنے سے قاصر

ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت صوبہ بلوچستان میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے پیر کو تہران میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ وہ صوبہ بلوچستان میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہیں رکھتے۔ انہوں نے ایران کے جنوب مشرف میں مشترکہ سرحدوں پر امن قائم رکھنے کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی- انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ تہران، اسلام آباد و کابل کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کرنے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ دہشتگردوں نے چھ اپریل کو پاکستان سے ایران میں دراندازی کر کے ایران کے سرحدی جوانوں پر حملہ کیا تھا جس میں آٹھ ایرانی سرحدی محافظ شہید ہو گئے تھے۔ دہشتگرد اس حملے کے بعد پاکستان فرار ہو گئے تھے۔ ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سرحدوں پر دیرپا امن قائم رکھے کیونکہ سرحدوں پر بدامنی ملک میں سرایت کر کے تشدد اور عدم استحکام کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بعض ہمسایہ ممالک سیکورٹی مسائل اور انتہا پسندی کا شکار ہیں لیکن ایران عالمی قوانین کے دا‏ئرے میں سیاسی لحاظ سے ان کی حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں صلاح و مشورے بھی دے سکتا ہے اور غذائی نیز طبی امداد بھی پہنچا سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲