12 اپریل 2015 - 04:35
پاناما میں امریکہ اور کیوبا کے صدور کی ملاقات

امریکی صدر باراک اوباما اور کیوبا کے صدر رائول کاسترو نے ہفتے کے دن پاناما میں بر اعظم امریکہ کے ممالک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر آپس میں ملاقات اور گفتگو کی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق باراک اوباما اور رائول کاسترو کی ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نیا موڑ شمار ہوتی ہے- امریکہ اور کیوبا کے تعلقات چھ عشرے قبل امریکہ نے منقطع کر دیئے تھے- کیوبا میں انقلاب کی کامیابی کے بعد اس ملک میں کمیونسٹ حکومت قائم ہوئی تو واشنگٹن نے ہوانا پر تجارتی پابندیاں عائد کر دیں- باراک اوباما نے اس ملاقات میں کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دونوں فریق نیا کام انجام دیں- انھوں نے مزید کہا کہ اب ہم آگے کی جانب بڑھنے کی پوزیشن میں ہیں- رائول کاسترو نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی توسیع میں وقت لگے گا لیکن آخرکار دیرینہ اختلافات کے حل کے سلسلے میں بعض سمجھوتے ہو جائیں گے- دونوں ملکوں کے سربراہوں نے اس ملاقات میں مختلف میدانوں میں دو طرفہ مذاکرات کی ضرورت پر تاکید کی- کیوبا کے صدر رائول کاسترو نے ہفتے کے دن اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سنہ انیس سو باسٹھ سے امریکہ کی جانب سے ان کے ملک پر عائد کی جانے والی پابندیوں کا مسئلہ اب جلد حل ہونا چاہۓ- باراک اوباما نے بھی اس اجلاس میں تاکید کی کہ امریکہ اور کیوبا کا ایک دوسرے کے قریب آنا براعظم امریکہ میں ایک اہم موڑ شمار ہوتا ہے-

.......

/169