8 اپریل 2015 - 16:32
روس کی سعودی عرب کو جنگ بند کرنے پر تاکید

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ سعود الفیصل کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تمام فریقوں کی طرف سے جنگی کارروائیاں بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ سعود الفیصل کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تمام فریقوں کی طرف سے جنگی کارروائیاں بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق یہ گفتگو سعودی عرب کے ایماء پر ہوئی۔ فریقین نے علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے یمن میں صورت حال پر خاص توجہ دی۔ روس کے وزیر خارجہ نے اس موقف کا اظہار کیا کہ یمن میں اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے مذاکرات شروع کئے جانے کی ضرورت ہے۔
اس قبل روسی وزیر خارجہ نے ملکی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس کو سعودی اتحاد کی فوجی سرگرمیوں سے مایوسی ہوئی ہے جس نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی اجازت اور مشاورت کے بغیر یمن میں فضائی آپریشن شروع کیا۔
روسی وزیرخارجہ کے مطابق اس آپریشن کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ روس سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے لیکن ہمیں اس امر پر مایوسی ہے کہ سعودی عرب کی زیر قیادت اتحاد نے آپریشن شروع کرنے کے بعد اقوام اتحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کیا اور درخواست کی کہ ان کی مہم کی حمایت کی جائے۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ناممکن ہے کہ تصادم کے ایک فریق کی حمایت کریں اور دوسرے کو مجرم قرار دیں۔روس کے وزیر خارجہ کے مطابق دونوں متحارب فریقوں کو جنگی کارروائیاں ختم کر کے مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲