6 اپریل 2015 - 08:07
دمشق میں فلسطینی مہاجرین کے کیمپ بحرانی حالات کا شکار: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے دمشق کے قریب فلسطینیوں کے مہاجر کیمپ، یرموک کے نہایت بحرانی حالات کی بابت خبردار کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ میں امداد و محنت شعبہ کے سربراہ کریس گانیس نے کہا ہےکہ شام میں فلسطینی مہاجر کیمپ یرموک کے حالات، نہایت بحرانی ہیں اور اس کیمپ میں فلسطینیوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے- کریس گانیس نے کہا کہ عالمی برادری کو یرموک بحران کو حل کرنے کے لئے بنیادی اقدامات کرنے چاہیئیں کیونکہ اس کیمپ پر انسانی المیے کے گھناؤنے بادل منڈلا رہے ہیں- یرموک کیمپ میں اس وقت اٹھارہ ہزار افراد موجود ہیں جن میں ساڑھے تین ہزار بچے بھی شامل ہیں-ان افراد کو فوری طور پر انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ یرموک میں پناہ گزینوں کو غذائی، طبی یہانتک کہ طبی عملے کی بھی ضرورت ہے- واضح رہے کہ یرموک کیمپ میں بیمار اور سن رسیدہ افراد اور بچے، جھڑپوں کی وجہ سے بڑے نامناسب حالات کے شکار ہیں- دمشق کے قریب فلسطینیوں کے لئ‏ے یرموک پناہ گزین کیمپ، پچاس کی دہائی میں بنایا گیا تھا- اس کیمپ میں شام نے کئی دہائ‏یوں تک فلسطینی پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے- ادھر عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے عرب ملکوں اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ، یرموک کے پناہ گزینوں کی نجات کے لئے موثر اقدامات کریں- ابو احمد فواد نے کہا کہ پی ایل او کو چاہیے کہ وہ واضح موقف اپنا کر یرموک پر تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے حملوں کی مذمت کرے- واضح رہے کہ تکفیری دہشتگرد گروہ داعش نے پہلی اپریل سے یرموک کیمپ کے بعض حصوں پر قبضہ کررکھا ہے- اس کیمپ میں اب بھی فلسطینی پناہ گزینوں اور داعش کے حملہ آوروں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں- ان جھڑپوں میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں- یرموک کیمپ میں مقیم دوہزار فلسیطنی شہریوں نے داعش کے خوف سے اس کیمپ کو ترک کردیا ہے اور شام کی طرف چلے گئے ہیں- شام کی فوج نے ان افراد کی یرموک کیمپ سے نکلنے میں مدد کی- ایک انسانی حقوق کی تنطیم نے کہا ہے کہ یرموک کیمپ میں جاری جھڑپوں میں بارہ فلسیطنی جاں بحق اور اسّی گرفتار ہوئے ہیں- تحریک حماس اور علمائے اسلام کی عالمی یونین نے بیان جاری کرکے یرموک کے لئے اسلامی اور عالمی برادری کی مدد کا مطالبہ کیا ہے- ان بیانات میں کہا گیا ہےکہ اسلامی اور دیگر ممالک، یرموک میں دہشتگردوں کے ہاتھوں نہتے پناہ گزینوں کا قتل عام رکوائیں- شام کے بحران سے قبل یرموک پناہ گزین کیمپ میں پانچ لاکھ فلسطینی بسے ہوئے تھے لیکن اب اس میں آکر بسنے والے فلسطینی، دوبارہ بے گھر ہوگئے ہیں اور انہوں نے شام کے مختلف مقامات یا بیرونی ملکوں میں پناہ لے لی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲