اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت اقتصادی ترقی نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے سے ایران اور روس کے اقتصادی تعلقات میں فروغ آئے گا- اس بیان میں آیا ہے کہ ایران اور روس کے تجارتی لین دین میں اضافہ ہوگا اور دو طرفہ اقتصادی تعاون پر مثبت اثرات مرّتب ہوں گے- روس کے اس وزارت خانہ کے بیان میں، جو بیرونی ملکوں سے روس کی اقتصادی سرگرمیوں پر نگرانی کرتا ہے، آیا ہے کہ روس نے تمام میدانوں میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے بالخصوص انرجی کے شعبے میں تعاون میں فروغ لانے کے منصوبے، بنارکھے ہیں- ادھر جرمنی کی تجارتی یونین نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اب جبکہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ میں مفاہمت ہوچکی ہے، ایران پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں- جرمن تجارتی یونین نے کہا ہے کہ ایران نے جرمن سرمایہ کاروں کو خاص طور سے آٹو موبائیل صنعت اور مشینری اور انرجی کے شعبے میں کافی اہم مواقع فراہم کئے ہیں- گارڈین اخبار نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بین الاقوامی تیل کمپنیوں میں، ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ایٹمی معاملے پر حتمی معاہدے کے قوی امکان کے پیش نظر، ایران میں داخل ہونے کے لئے شدید رقابت، اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے-
.......
/169